Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

آصف زرداری کی علاج کیلئے کراچی منتقلی کی درخواست مسترد

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی علاج کے لیے کراچی منتقلی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔ وفاقی دارالحکومت کی عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت ہوئی، جہاں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے وکیل کے توسط سے علاج کے لیے کراچی منتقلی کی درخواست دائر کی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آصف زرداری کی صحت ‘تشویشناک’ ہے اور انہیں اپنی مرضی سے علاج کی اجازت دی جانی چاہئے جبکہ وہ کراچی میں اپنا علاج کروانا چاہتے ہیں۔ سماعت کے آغاز پر عدالت کے جج اعظم خان نے پوچھا کہ ملزمان کہاں ہیں اور کیا انور کو لایا گیا ہے یا نہیں، جس پر ان کے وکیل نے جواب دیا کہ ان کے موکل کی طبعیت خراب ہے اور وہ کراچی میں زیرعلاج ہیں۔

بعدازاں دوران سماعت قومی احتساب بیورو (نیب) کے پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) نے آصف زرداری سے وکلا کی ملاقات کے لیے دو دن مقرر کیے ہیں جبکہ اہل خانہ 3 دن کے لیے آصف زرداری سے ملاقات کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار آصف علی زرداری کو 22 اکتوبر کو اڈیالہ جیل سے پمز لایا گیا تھا، جہاں انہیں شعبہ امراض قلب کے وی آئی پی وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا، ان کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے تھے اور ان کی حالت خطرے سے باہر قرار دی گئی تھی۔

دوران سماعت آصف زرداری کے ہی ایک اور وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیے اور بتایا کہ ان کے موکل کی پوری میڈیکل ہسٹری کراچی میں ہے، یہاں ہسپتال تو ہیں لیکن اسلام آباد میں ان کی میڈیکل ہسٹری موجود نہیں۔

اس پر نیب پراسیکیوٹر نے آصف زرداری کو علاج کے لیے کراچی منتقل کرنے کی مخالفت کی اور کہا کہ اگر انہوں نے ایسی درخواست دینی ہے تو حکومت کو دیں۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر کو مکمل علاج فراہم کیا جارہا ہے اور اگر وہ کسی نجی ڈاکٹر کی معاونت چاہتے ہیں تو حکومت کو درخواست دیں، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آصف زرداری کو پہلے ہی جیل سے ہسپتال منتقل کیا چکا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.