Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

امریکا میں فائرنگ کے دو واقعات، 29 افراد ہلاک

امریکا میں 24 گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے دو واقعات میں کم از کم 29 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔ پہلا واقعہ میکسیکو کی سرحد کے قریب واقع شہر الپاسو کے شاپنگ مال میں دوپہر کے وقت پیش آیا جہاں ویک اینڈ کی وجہ سے عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پولیس حکام نے 20 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں 26 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد حملہ آور نے فرار کی کوشش کی تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے 21 برس کے ایک سفید فام مشتبہ شخص کو حراست میں لیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کا نام پیٹریک کروزئیس ہے جو ڈیلس کا رہائشی ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ معصوم لوگوں پر فائرنگ کے واقعے کو کسی بھی طرح سے صحیح قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے ٹیکساس کے گورنر سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے واقعے کو بےرحم تشدد قرار دیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

دوسرا واقعہ ریاست اوہائیو کے بار میں پیش آیا جہاں فائرنگ سے 9 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اوہائیو کے شہر ڈیٹن میں مسلح شخص نے مقامی وقت کے مطابق رات ایک بجے قحبہ خانے میں اندھا دھند فائرنگ کی۔ پولیس نے اب تک نو افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ 16 افراد زخمی ہیں۔ اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں حملہ آور کی اپنی بہن بھی شامل ہے۔

یہ حملہ محض 30 سیکنڈ جاری رہا۔ کانر بیٹس نامی 24 سالہ حملہ آور نے ڈیٹن کے ایک مقامی نائٹ کلب کے باہر فائرنگ شروع کر دی، لیکن نزدیک موجود پولیس اہلکاروں نے اسے موقعے پر ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کے مقاصد کے بارے میں تاحال علم نہیں ہو سکا اور اس حوالے سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.