Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

امریکا نے کالعدم تحریک طالبان سربراہ سمیت کئی افراد کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا

امریکا نے پاکستان میں ہونے والے حملوں میں ملوث کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ مفتی نور ولی محسود سمیت متعدد افراد کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا۔ امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق لبنان کی حزب اللہ، ایران کی پاسداران انقلاب، القاعدہ، فلسطین کی حماس، فلسطین اسلامک جہاد اور داعش سیمت دیگر تنظیموں سے وابستہ کئی افراد کو بھی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے سابق امیر ملا فضل اللہ کے 2018 میں ڈرون حملے میں مارے جانے کے بعد مفتی نور ولی محسود کو کالعدم تنظیم کا سربراہ بنایا گیا تھا۔ یاد رہے کہ مفتی نور ولی محسود کی قیادت میں کالعدم تحریک طالبان نے پاکستان میں کی جانے والی دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔

امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے حکام کو جدید اور مستحکم بنانے کے لیے امریکی صدر کی جانب سے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے گئے۔

اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کہا گیا کہ امریکا نے شام میں موجود القاعدہ کی ذیلی تنظیم ’حراس الدين‎‘ کو خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشتگرد (ایس ڈی جی ٹی) میں شامل کردیا۔ حزب اللہ، حماس، جہادِ اسلامی، داعش، داعش (فلپائن)، داعش (مغربی افریقہ)، تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے 12 افراد کو دہشت گردوں کی عالمی فہرست میں شامل کردیا۔

اسی طرح محکمہ خزانہ نے داعش، داعش (فلپائن)، داعش (خراساں)، القاعدہ، حماس اور ایرانی کی پاسداران انقلاب کی کور قدس فورس کے 15 افراد پر اسی قانون کے تحت پابندی عائد کردی۔

جن دہشت گردوں پر عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے اور پابندی عائد کی گئی ہے ان میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے امیر نور ولی محسود، جہادِ اسلامی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل محمد الہندی، حزب اللہ جہاد کونسل سے سینئر رہنما علی کاراکی، محمد حیدر، فعاد شکر اور ابراہیم عاقل، داعش (مغربی افریقہ) کے امیر ابو عبداللہ ابن عمر البرناوی، داعش (فلپائن) کے امیر حاتب حاجان سوادجان، حرس الدین کے امیر فاروق السوری شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.