Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

بارشوں کا سلسلہ مزید48 گھنٹے جاری رہنے کا امکان

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے طول و عرض میں مزید 48 گھنٹوں تک بارشوں اور طوفانی ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے مراسلہ جاری کیا ہے کہ برسات اور طوفانی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوچکا ہے۔ آئندہ 48 کے دوران 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

بدھ کے روز پنجاب، کشمیر اور خیبرپختونخوا میں متعدد مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ آج گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ شب گرج چمک کے ساتھ شروع ہونے والی موسلادھاربارش کا سلسلہ علی الصبح تھم گیا۔ اسلام آباد میں بدھ کی صبح گہرے بادل چھائے رہے تاہم محکمہ موسمیات نے آج بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی سطح بلند ہوگئی ہے۔ گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 8فٹ ریکارڈ کی گئی۔

ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ڈاکٹر عبد الرحمن کے مطابق نالہ لئی کی صورتحال مسلسل مانیٹر کی جارہی ہے اور ریسکیو 1122  کے عملے کو مکمل الرٹ رکھا گیا ہے۔

لاہورمیں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا ہے۔ سلطان احمد روڈ، دھرمپورہ، قدافی اسٹیڈیم، لارنس روڈ پر پانی بھر گیا ہے جب کہ مزید برسات کی صورت میں لاہور کینال روڈ پر انڈرپاسز میں پانی بھرنے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی لاہور اور مضافاتی علاقوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

پشاور اور مضافاتی علاقوں میں بھی گزشتہ شب بونداباندی ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔ پنجاب میں چنیوٹ، نارووال، تلہ گنگ، ملک وال، شکر گڑھ اور جہلم میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھاربارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پنجاب میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے سبب گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بدھ کے روز بھی پنجاب، خیبرپختونخوا، بالائی سندھ، کشمیراور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں آندھی، بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ کاشتکارحضرات اپنی فصلوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران بھی بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں اکثر مقامات پر جبکہ حیدر آباد، سکھر ڈویژن، اسلام آباد ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش اپر45 میں ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.