Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

تنازع مقبوضہ کشمیر: چین کا سیکیورٹی کونسل میں پاکستان کی حمایت کا اعلان

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے اور وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جانے کے ہمارے فیصلے پر تعاون کرے گا۔ شاہ محمود قریشی نے بیجنگ میں چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کے بعد ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ چین کے وزیر خارجہ کے ساتھ میری ڈھائی گھنٹے کی نشست ابھی مکمل ہوئی ہے، جو مفید اور ان کے بقول بروقت نشست تھی۔

ادھر چین کی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘پاکستان کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر تعاون جاری رکھیں گے’۔ بیان کے مطابق وزیرخارجہ وانگ ژی نے کہا کہ ‘چین کو کشمیر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ہے اور یکطرفہ اقدامات سے صورت حال مزید خراب ہوگی لہٰذا ایسے اقدامات نہیں کرنے چاہئیں’۔

‘وانگ ژی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں چین کے دوست ہمسایہ اور اہم ترقی پذیر ممالک ہیں جو ترقی کے اہم موڑ پر ہیں، لہٰذا دونوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی قومی ترقی اور جنوبی ایشیا میں امن کے لیے یکطرفہ اقدامات سے گریز کرتے ہوئے تاریخی اختلافات کو ختم کریں’۔

چینی وزیر خارجہ کا حوالے دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ‘وانگ ژی نے مجھ سے کہا کہ مصروفیات اور شارٹ نوٹس کے باوجود وہ یہ نشست صدر شی جن پن کے حکم کے مطابق کر رہے ہیں کیونکہ پاکستان اور چین کی دوستی کی نوعیت مختلف ہے اور ہمارے ردعمل کی سطح بھی مختلف ہونی چاہیے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘آج میں نے مقبوضہ جموں اور کشمیر سے متعلق بھارت کے حالیہ اقدامات پر پاکستان کے تحفظات اور تشویش کو ان کے سامنے رکھا اور ان کا جواب سنا جو پریس ریلیز کی شکل میں سامنے آ جائے گا’۔

چینی وزیر خارجہ سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘مجھے یہ بتاتے ہوئے انتہائی مسرت ہو رہی ہے کہ چین نے آج ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ وہ پاکستان کا بااعتماد دوست ہے اور یہ دوستی لازوال ہے اور اس پر جتنا فخر کیا جائے وہ کم ہے’۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ‘انہوں نے پاکستان کے موقف کی مکمل تائید کی اور ہم سے اتفاق کیا کہ یہ اقدامات یکطرفہ ہیں اور انہوں نے اتفاق کیا کہ اس سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت اور ہیئت میں تبدیلی واقع ہوئی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘چینی وزیرخارجہ نے اتفاق کیا کہ اس سے خطے کے امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے’۔

وزیرخارجہ نے چین کے موقف کے حوالے سے بتایا کہ ‘انہوں نے اتفاق کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر ایک متنازع مسئلہ تھا اور ہے اور اقوام متحدہ نے اس کو تسلیم کیا ہوا ہے جبکہ اس کا حل بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بنیاد بنا کر نکلنا ہے’۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.