Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سعودی ایران ثالثی: وزیراعظم عمران خان کا بات چیت کے ذریعے تنازع کے حل پر زور

اسلام آباد: سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور ایران کے ساتھ تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوششوں پر زور دیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے شاہ سلمان کو علاقائی تنازعات سفارت کاری کے ذریعے پر امن طور پر حل کرنے کی تجویز دی۔

پاکستان نے ماضی میں بھی 4 مرتبہ ثالثی کی کوشش کی ہے خاص کر 2016 کے آخر میں جب اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سعودی شیعہ عالم باقر النمر کی پھانسی کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی ختم کرنے کے لیے تہران اور ریاض کا دورہ کیا تھا۔ خیال رہے کہ سعوری عرب اور ایران حریف ممالک تصور کیے جاتے ہیں خاص کر 2015 میں یمن جنگ کے بعد ان کے تعلقات میں سخت کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔ بعد ازاں حوثی باغیوں کی جانب سے آرامکو آئل تنصیبات پر حملے کے بعد سے اس کشیدگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا تھا۔

دورہ سعودی عرب کے حوالے سے وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی، دوطرفہ تعلقات، علاقائی امور اور خطے کی امن وامان کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘اے پی پی’ کے مطابق ملاقات میں خادمین حرمین شریفین سے ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماﺅں نے دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت کی۔

ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے علاقائی امن و استحکام کی خاطر خطے میں اختلافات اور تنازعات کے سیاسی اور سفارت کاری کے ذریعے پرامن حل پر زور دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.