Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور شمالی علاقوں میں سرد رہے گا۔منگل کے روز شام کے بعد مغربی بلوچستان، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج صبح خنکی میں قدرے اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم طلوع آفتاب کے بعد اس میں کمی ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر اقتدار میں آج دوپہر کے بعد مطلع ابر آلود رہے گا تاہم بارش کا امکان نہیں۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود اور پہاڑی علاقوں میں موسم سردرہے گا۔ شام کے بعد مالاکنڈ، سوات، دیر، چترال، پشاور، مردان، کرم، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان کے اضلاع میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ  بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ شام کے بعد سکھر اور لاڑکانہ کے اضلاع میں چند مقامات پرتیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم ژوب، پشین اور کوئٹہ کے اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ منگل کے روز پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک رہے گا۔

ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں موسم سرد رہا تاہم سوات اور گلگت بلتستان کے اضلاع میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش مالم جبہ 02 اور بگروٹ میں 01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ کم سے کم درجہ حرارت کالام میں 0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.