Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

شادی کی تقریب پر افغان فوج کے حملے میں 35 شہری ہلاک

افغانستان کے صوبے ہلمند کے ضلعے موسیٰ قلاء میں شادی کی تقریب پر افغان فوج  کے حملے میں کم از کم 35 شہری ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ افغان حکام کے مطابق اتوار کی شب عسکریت پسندوں کے ٹھکانے پر مارے جانے والے  چھاپے کے دوران شادی کی تقریب میں شریک افراد فائرنگ کی زد میں آگئے۔

حکام کے مطابق چھاپہ شادی والے گھر سے متصلہ عمارت پر مارا گیا تھا جو کی مبینہ طور پر عسکریت پسندوں کے استعمال میں تھی۔ہلمند صوبائی کونسل کے رکن عطا اللہ افغان کے مطابق خاکسار کے علاقے میں موجود عمارت  طالبان کے زیر استعمال تھی جہاں پر خود کش بمباروں کی تربیت دی جاتی تھی۔ ہلمند صوبائی کونسل کے ایک اور رکن مجید اخونزادہ نے شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد 40 بتائی جس کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔

افغان وزارت دفاع نے اپنے جارے بیان میں کہا کہ متعلقہ عمارت طالبان کا تربیتی ٹھکانہ تھا جسے داعش کے لیے کام کرنے والے غیر ملکی عسکریت پسند بھی استعمال کرتے تھے۔

افغان وزارت دفاع  کے مطابق چھاپے میں 22 طالبان مارے گئے جبکہ 15 سے زائد زخمی  ہوگئے۔ فوجی حکام نے چھاپے کے دوران پانج غیر ملکی عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ افغان وزارت دفاع نے مزید کہا کہ چھاپے کے دوران عام شہریوں کی ہلاکت کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

دریں اثناء طالبان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہے جھڑپ میں امریکی پشت پناہی میں لڑنے والی افغان فوج  کے 18 اہلکار اور متعدد شہری مارے گئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.