Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

صوبائی کابینہ کا دوسرا اجلاس آج ضلع مہمند میں طلب

خیبرپختونخوا حکومت کی کابینہ کا اجلاس آج  پیر کے روز قبائلی ضلع مہمند میں طلب کرلیا گیا ہے جس میں عدالتی نظام سمیت  4 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے قبائلی اضلاع و صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے ہدایات کی روشنی میں صوبائی کابینہ کا اجلاس دوسری مرتبہ بھی قبائلی ضلع میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس مرتبہ یہ پیر کے روز صبح 11 بجے قبائلی ضلع مہمند کے ہیڈ کوارٹر غلنئی میں منعقد کیا جائے گا۔

محکمہ انتظامی امور نے اجلاس کا باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق اجلاس میں عدالتی نظام کو موثر بنانے اور تعلیمی نظام میں بہتری لانے سے متعلق خصوصی فیصلے کئے جائیں گے اس کے علاوہ قبائلی اضلاع میں پولیس نظام اور صحت سے متعلق بھی اہم فیصلے کئے جائیں  گے۔

ترجمان اجمل خان وزیر کے مطابق اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ محمود خان قبائلی مشران سے ملاقات کریں گے اور سپورٹس گالا سمیت قبائلی نوجوانوں کےلئے انصاف روزگار سکیم کا افتتاح بھی کریں گے۔

انصاف روزگار سکیم کے تحت کم آمدنی والے بے روزگار اور ہنر مند افراد کو آسان شرائط پر بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے اس سکیم کا مقصد دہشت گردی اور غربت سے متاثرہ علاقوں میں بے روزگاری کا خاتمہ کرنا ہے۔

خیبر پختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع اور سابقہ فرنٹیئر رینجرز کے لیے درخواست فارم بینک آف خیبر کی مقررہ شاخوں، بینک کی ویب سائٹ اور ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر پر دستیاب ہوں گے۔

واضح رہے کہ ایک ارب روپے سے شروع کیے جانے والے اس سکیم سے پیشہ ور ماہرین اور ڈگری ہولڈرز کو پچاس ہزار روپے سے 10 لاکھ تک بلا سود قرضہ دیا جائیگا جبکہ تکنیکی ماہرین کے لیے 50 ہزار سے پانچ لاکھ اور دیگر بے روزگاروں کو 50 ہزار سے تین لاکھ روپے کا قرضہ دیا جائے گا۔ قرضے کی حصول کے لیے عمر کی حد 18 سے پچاس سال تک ہے جس کے لیے دو شخصی ضمانت درکار ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.