Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

مردان میں چھتیں گرنے سے 5 افراد جاں بحق

مردان میں مختلف واقعات کے دوران گھروں کی چھتیں گرنے سے بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق پہلا واقعہ کاٹلنگ فرش کالونی میں پیش آیا جہاں کچے مکان کی چھت گرگئی۔

اہل علاقہ کے مطابق مکان کی چھت رات کو گر گئی تھی مگر آندھی طوفان کی وجہ سے پتہ نا چل سکا صبح اجالہ ہونے پر ان کو معلوم ہوا تو ریسکیو 1122 کو حادثے کی اطلاع دی. ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے جاں بحق ہونے والوں کو کاٹلنگ ٹائپ ڈی ہسپتال منتقل کردیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ذاکراللہ، زوجہ ذاکراللہ اور ان کے دو بچے 3 سالہ عبدالصمد اور 2 سالہ سپنا شامل ہیں۔

چھت گرنے کا دوسرا واقعہ گدھر کے علاقے افضل آباد میں پیش آیا جس میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ریسپونس ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق ملبے تلے دبنے سے 70 سالہ کلندر شاہ جاں بحق جبکہ 18 سالہ حمزہ زخمی ہوگیا۔ دونوں افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے، زخمی کو ریسکیو 1122 ٹیم نے ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی۔

بابینی میں کچے مکان کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں ماں دو بچوں سمیت زخمی ہوگئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ملبے سے نکالا۔

ریسکیو 1122 ٹیم نے 30 سالہ مسماۃ(ن) 4 سالہ احمد اور 2 سالہ وریشہ کو ملبے سے نکال کر تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.