Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی

ملک میں متاثرین کی تعداد 3278, 257 افراد صحتیاب

ملک بھر میں آج کورونا وائرس سے مزید 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3278 ہوگئی ہے۔ملک بھر میں اب تک کورونا سے ہونے والی 50 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ 16 ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں۔اس کے علاوہ پنجاب اور سندھ میں 15،15 جب کہ گلگت بلتستان میں 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

آج کورونا کے کیسز کی صورتحال

 

پنجاب

پنجاب میں آج بروز پیر کورونا وائرس کے اب تک مزید 113 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 3 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ  کی گئی ہیں جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے تاہم صوبائی حکومت نے ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں کورونا وائرس کے 1493 مصدقہ کیسز کی تصدیق کی تاہم ان کی جانب سے صوبے میں مزید 3 ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی گئی۔

عثمان بزدار کے مطابق لاہور میں 290، ننکانہ 13، قصور 8، راولپنڈی 58، جہلم 30، گوجرانوالہ 32، سیالکوٹ 17، نارووال 5، گجرات 93، حافظ آباد 6، منڈی بہاؤ الدین 14، ملتان 4، وہاڑی 9، فیصل آباد 15، چنیوٹ 6، ٹوبہ ٹیک سنگھ 2، رحیم یار خان 3، سرگودھا 5، میانوالی 3، بہاول نگر 9، بہاولپور 3، لودھراں 3، ڈی جی خان 18 جب کہ لیہ، اوکاڑہ، اٹک، خوشاب اور شیخوپورہ میں ایک ایک مریض ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 82 ہو گئی ہے۔

سندھ

سندھ میں اتوار کو کورونا وائرس سے مزید ایک اور ہلاکت ہوئی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 تک جاپہنچی ہے جس میں سے 13 ہلاکتیں کراچی اور 2 حیدر آباد میں ہوئی ہیں۔صوبے میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 881 ہوئی۔اتوار کے روز صوبے میں مجموعی طور پر 51 کیسز سامنے آئے جن میں سے کراچی میں 37، لاڑکانہ میں 6، حیدر آباد میں 4، نوشہروفیروز میں 2 جب کہ سکھر اور سجاول میں ایک ایک کیس سامنے آیا۔سندھ میں کورونا وائرس سے اب تک صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 123 ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں اتوار کے روز کورونا سے مزید 2 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی جب کہ صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد تعداد 405 ہے۔ اتوار کو کے پی کے میں سوات کے رہائشی 2 افراد کورونا وائرس کا شکار بن گئے ہیں۔ سوات کے رہائشی 2 افراد کورونا وائرس کا شکار بن گئے ہیں۔خیبرپختونخوا میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 62 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں اتوار کے روز کورونا وائرس کے 6 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 192 ہو گئی ہے البتہ سرکاری پورٹل پر یہ تعداد 191 بتائی گئی ہے۔صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق 9 ڈاکٹروں سمیت 54 افراد میں مقامی طور پر کورونا وائرس منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی۔دوسری جانب صوبے میں کورونا وائرس سے اب تک 60 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ جام کمال نے کی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں اتوار کو کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 210 تک جا پہنچی ہے جس کی تصدیق پورٹل پر بھی کی گئی ہے۔گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 9 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں اتوار کو مزید 3 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔وزیر صحت آزادکشمیر ڈاکٹرنجیب نقی کے مطابق متاثرہ افراد کا تعلق میرپور سے ہے جنہیں آئسو لیشن میں منتقل کردیا گیا ہے جب کہ مریضوں سے رابطے میں رہنے والے افراد کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.