Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

وزیراعظم عمران خان کی وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون بڑھانے کی ہدایت

اسلام آباد: ملک میں صحت، تعلیم، ذراعت، سیاحت اور صنعتی شعبے کو فروغ دینے کے لیے وفاق نے صوبوں کو مکمل تعاون کرنے کی تاکید کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، گورنر شاہ فرمان اوردونوں صوبوں کے وزرا سے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی 6 ماہ کے عرصے کے بعد اگلے مرحلے کا آغاز ہونے جارہا ہے جس کے وفاق اور صوبوں کے درمیان مزید مربوط تعاون ہونا چاہیے۔

اجلاس میں وزیر برائے منصوبہ بندی خسروبختیار نے مستقبل میں حکومتی ترجیحات پر روشنی ڈالی اس موقع پر وزیراعظم نے ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایک روڈ میپ تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا، ان کا کہنا تھا کہ ’ہم صرف سیاحت سے 40 ارب ڈالر سالانہ حاصل کرسکتے ہیں‘۔

اجلاس میں صوبائی وزرا نے دونوں صوبوں کے تعلیم، صحت، زراعت اور دیگر شعبہ جات سے متعلق بریفنگ دی جس پر وفاقی اور صوبائی وزرا پر مشتمل ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے بتایا کہ پنجاب میں 7 صنعتی زونز کے قیام کے لیے سمری بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) کو ارسال کردی گئی ہے اور بی او آئی کو سیاحت کے لیے بھی خصوصی اقتصادی فریم ورک 30 دن کے اندر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور رشاکئی اقتصادی زون جلد کام شروع کردے گا۔

زراعت کے حوالے سے وزیراعظم کو بتایا گیا کہ حکومتی اقدامات کے بدولت پہلی مرتبہ پنجاب کے کسانوں کو گنے کی فصل کی صحیح قیمت ملی ہےجبکہ کسانوں کو کنولا اور سن فلاور تیل کی پیداوار کے لیے سبسڈی بھی فراہم کی جارہی ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے تمام سرکاری ہسپتالوں میں صحت و صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہسپتالوں کی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ صفائی ستھرائی کے معاملات میں کوئی غفلت نہ برتی جائے اور اس کے لیے متعلقہ وزیر زیادہ سے زیادہ ہسپتالوں کے دورے کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.