Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 41 ہزار 363 ہوگئی

ملک میں عالمی وبا کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 41 ہزار 363 ہوگئی ہے جبکہ اموات 896 تک جا پہنچی ہے۔ کورونا وائرس کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج(18 مئی کو) ابھی تک ملک میں 63 مریضوں کا اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری، 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے ساتھ ہی اس وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مختلف پابندیاں عائد کی گئی اور بعدازاں لاک ڈاؤن بھی نافذ کیاگیا تھا۔تاہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے 9 مئی سے اس میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کیا تھا اور آج سے مختلف صوبوں میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی بحال کی جارہی ہے۔

ابتدا میں ملک میں وائرس کا پھیلاؤ سست رہا لیکن گزرتے وقت کے ساتھ اس میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے اور وائرس کو تقریباً 3 ماہ کا عرصہ گزرنے کے بعد یومیہ ایک ہزار یا اس سے زائد کیسز کی تصدیق ہورہی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافے کی ایک وجہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں بتدریج اضافہ بھی ہے اور 16 مئی کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ کورونا وائرس کا پہلا کیس آنے کے بعدسے ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں 30 گنا اضافہ کیا گیا اور ہفتے کو ایک ہی روز میں ریکارڈ 14 ہزار 878 ٹیسٹ کیے گئے تھے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جہاں مزید 50 کیسز کی تصدیق کے بعد متاثرین کی تعداد ایک ہزار کے قریب پہنچ گئی۔کورونا وائرس کے سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق نئے کیسز کے اضافے کے بعد اسلام آباد میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 947 سے بڑھ کر 997 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ عالمی وبا کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جہاں آج مزید 13 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔نئے کیسز سامنے آنے کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 527 سے بڑھ کر 540 ہوگئی۔

ملک میں کورونا وائرس کے مریض اور اس سے انتقال کرنے والے افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے وہیں اس وبا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد میں ہونے والا اضافہ امید کی کرن ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کو شکست دینے والے افراد کی تعداد میں مزید 581 افراد کا اضافہ ہوا۔جس کے ساتھ ہی پاکستان میں عالمی وبا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 11341 سے بڑھ کر 11922 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

کورونا وائرس کےکیسز میں اضافے کے بعد اگر ملک کی مجموعی صورتحال پر نظر ڈالی جائے تو اس وقت 41 ہزار 363 افراد متاثر ہیں جبکہ 896 افراد انتقال کرچکے ہیں اور 11 ہزار 922 کی صحتیابی کے بعد ملک میں فعال کیسز کی تعداد 28 ہزار 545 ہے۔

سندھ میں اس وقت متاثرین کی تعداد 16 ہزار 377 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 14 ہزار 584 ہوچکی ہے۔خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس نے 6 ہزار 61 لوگوں کو متاثر کیا اور بلوچستان میں تعداد 2 ہزار 692 تک پہنچ گئی۔اسلام آباد میں اب تک 997 افراد کو عالمی وبا نے متاثر کیا جبکہ گلگت بلتستان میں 540 اور آزاد کشمیر میں 112 لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کی جاچکی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.