Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ کی لاگت 71 ارب روپے تک پہنچ گئی

پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) نے کہا ہے کہ پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کی لاگت 71 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ایڈیشل چیف سیکریٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش کی زیر صدارت 21 اگست کو پیش رفت کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس میں بی آر ٹی کی لاگت میں اضافہ اور پی سی ون پر نظر ثانی کا معاملہ زیر بحث آیا۔ اجلاس کے حوالے سے موصول دستاویزات کے مطابق پی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر محمد عذیر نے شرکا کو آگاہ کیا تھا کہ بی آر ٹی کی لاگت میں 3 ارب کا اضافہ ہوگیا ہے اور پی سی ون پر نظر ثانی ناگزیر ہوگئی ہے۔

ایڈیشل سیکریٹری (اے سی ایس) نے لاگت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی سمیت منظوری کے تمام فورمز میں یہ واضح طور پر بتایا گیا تھا کہ پی سی ون کا جائزہ نہیں لیا جائے گا اور منصوبے کی تکمیل کے لیے وقت میں مزید توسیع بھی نہیں دی جائے گی۔

پی ڈی اے کے عہدیداروں کا اس بات پر زور تھا کہ منصوبے کی لاگت میں اضافہ پاکستانی روپے کی قدر میں کمی نتیجہ ہے اور کوئی اضافی رقم کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اے سی ایس نے اجلاس کے شرکا کواس معاملے پرفیصلے کے لیے مضبوط شواہد کے ساتھ علیحدہ سے ایک پریزنٹیشن دینے کی ہدایت کی تھی۔

خیال رہے کہ اگر پی سی ون پر نظرثانی کی جاتی ہے تو دوسری مرتبہ ایسا ہوگا جب گزشتہ برس کے اوائل میں منصوبے کی لاگت ناقص ڈیزائن کے باعث 68 ارب روپے تک پہنچ گئی تھی جبکہ بنیادی لاگت 49 ارب روپے تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.