Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پی ایچ ڈی کیلئے بیرون ملک بھیجے گئے 82 اسکالرز کا وطن واپس نہ لوٹنے کا انکشاف

حکومت نے ان اسکالرز پر 95 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کیے

0 182

اسلام آباد: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ایک ذیلی کمیٹی نے آگاہ کیا ہے کہ پی ایچ ڈی کے لیے بیرون ملک بھیجے گئے 130 سے زائد طلبہ میں سے 82 تعلیم مکمل ہونے کے بعد واپس پاکستان نہیں آئے۔

ایم این اے نور عالم خان کی سربراہی میں سب کمیٹی کے اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے متعلق آڈٹ کا جائزہ لیا۔ دوران اجلاس کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ 82 اسکالرز اپنا پی ایچ ڈی مکمل کرنے کے بعد واپس پاکستان نہیں آئے جبکہ 52 کو مختلف غیرملکی جامعات کی جانب سے فیل کردیا گیا۔

کمیٹی کو ایچ ای سی حکام کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ ہائر ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی نے ان اسکالرز پر 95 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کیے، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی ان کے خلاف عدالتوں میں مقدمات کی پیروی کر رہی ہے۔

اس کے علاوہ کمیٹی کو مزید آگاہ کیا گیا کہ اب تک صرف ایک ڈیفالٹنگ اسکالر نے حکومت کی جانب سے ان کی بیرون ملک پی ایچ ڈی پر خرچ کی گئی رقم واپس کی ہے۔

ایچ ای سی حکام نے یہ بھی انکشاف کیا کہ 68 مزید اسکالرز جو اسکالرشپ پروگرام کے فیز 2 کے تحت بیرون ملک بھیجے گئے تھے وہ واپس پاکستان نہیں آئے۔ حکام کے مطابق ان کیسز کے بعد کمیشن نے فیصلہ کیا کہ اب پی ایچ ڈی اسکالرشپس حاصل کرنے والے امیدواروں کو حکومت کی حق میں زمین یا گھر گروی رکھنا ہوگا۔

کمیٹی کی جانب سے کہا گیا کہ چونکہ پی ایچ ڈیز کے لیے بیرون ملک جانے والے زیادہ تر طلبہ کے پاس اپنے نام پر زمین، گھر یا کوئی دیگر جائیداد نہیں، لہٰذا اگر ایچ ای سی کا تجویز کردہ اسکالر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد ملک میں خدمت کرنے کے لیے نہیں آتا تو اس کے لیے ذمہ دار اور اچھے فرد سے ضمانت حاصل کی جانی چاہیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.