Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کورونا وائرس: پاکستان میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2689 ہوگئی

ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 40 تک جاپہنچی ہے جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2689 ہوگئی ہے۔پاکستان میں اب تک کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں میں سب سے زیادہ 14 ہلاکتیں سندھ میں ہوئی ہیں جب کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 11،11، گلگت میں 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

جمعہ کو ملک بھر سے 5 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جو سندھ اور خیبرپختونخوا میں ہوئیں، سندھ میں 3 ہلاکتیں کراچی اور ایک حیدرآباد میں ہوئی جب کہ کے پی میں سوات اور مانسہرہ کے رہائشی 65 اور 45 سالہ مریض مہلک وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔

آج کورونا کے کیسز کی صورتحال
آج بروز ہفتہ ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 106 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے پنجاب میں 57، سندھ 47 اور آزاد کشمیر سے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پنجاب
آج بروز ہفتہ پنجاب میں اب تک کورونا وائرس کے مزید 57 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 1069 ہوگئی ہے جس کی تصدیق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے کی گئی ہے۔صوبے میں اب تک کورونا سے 11 افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔  پنجاب میں اب تک ہونے والی 11 ہلاکتوں میں سے لاہور میں 5، راولپنڈی میں 4 جبکہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ جب کہ صوبے بھر میں اب تک کورونا کے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سندھ
سندھ میں آج بروز ہفتہ کورونا وائرس کے اب تک مزید 47 کیسز سامنے آچکے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 830 ہوگئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 14 ہے جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی۔ محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں 38، حیدرآباد 1، بدین 1، جامشورو 2 اور ٹنڈو محمد خان میں 5 کیسز کی تصدیق ہوئی۔ محکمہ صحت کی سمری کے مطابق صوبے میں سب سے زیادہ کیسز کراچی میں ہیں جن کی تعداد 380 ہے۔ بروز جمعہ صوبے میں کورونا وائرس سے 3 ہلاکتیں ہوئیں جن میں سے 2 کراچی اور ایک حیدرآباد سے رپورٹ ہوئی۔ سندھ میں اب تک کورونا سے ہونے والی 14 ہلاکتوں میں سے صرف کراچی میں 12 ہلاکتیں ہوئیں جب کہ حیدرآباد میں تعداد 2 ہے۔اس کے علاوہ سندھ میں اب تک کورونا وائرس سے کل 65 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں آج بروز ہفتہ کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے، نئے کیسز کے بعد علاقے میں مجموعی تعداد 11 ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

خیبرپختونخوا
صوبے میں جمعہ کے روز کورونا سے مزید 2 افراد کی ہلاکت ہوئی جس کے بعد کے پی میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی۔ صوبائی وزارت صحت کے مطابق سوات اور مانسہرہ کے رہائشی 65 اور 45 سالہ مریض مہلک وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔جب کہ صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 343 ہے۔

بلوچستان
بلوچستان میں جمعہ کو کورونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 175 ہوگئی۔صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق 9 ڈاکٹروں سمیت 38 افراد میں مقامی طور پر کورونا وائرس منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی۔
9 ڈاکٹرز سمیت 38 افراد میں مقامی سطح پر کرونا وائرس تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی جب کہ 19 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد
جمعہ کو اسلام آباد میں کورونا وائرس کےمزید 6 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے۔ پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 68 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان
بروز جمعہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 6 کیسز سامنے آئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 193 ہوگئی ہے۔مشیر اطلاعات گلگت بلتستان کے مطابق نئے کیسز استور، نگر اور گلگت سے سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں مہلک وائرس سے متاثرہ 9 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔ خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.