Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کورونا وائرس کے پیش نظر ہفتے میں صرف 2 دن لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ

شادی ہالز، اسکولز، کالجز اور ریسٹورنٹس نہ کھولنے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کے اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کے پیش نظر ہفتے میں صرف 2 دن لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہفتے میں صرف دو روز ہفتے اور اتوار کولاک ڈاؤن ہوگا جبکہ جمعے کو بھی دکانیں کھلی رہیں گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دکانیں کھولنے کیلئے پرانے اوقات کار پرعمل ہوگا جبکہ مارکیٹس اور شاپنگ مال بھی طے کردہ ضابطہ کار کے تحت کھلے رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں شادی ہالز، اسکولز، کالجز اور ریسٹورنٹس نہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ دوسری جانب وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی ہے۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پاکستان میں کورونا وائرس مقامی طور پر پھیلنا شروع ہوچکا ہے اور ملک بھر میں کورونا کے مقامی سطح پر پھیلاؤ کی شرح 92 فیصد ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کے وفاق سے گلے شکوے برقرار ہیں اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اجلاس میں بھی گلے شکوے کیے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ مراد علی شاہ نے شکوہ کیا کہ کورونا سے متعلق فیصلوں پرپہلے اعتماد میں لیا کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.