Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور

اسلام آباد ہائی کورٹ نے طبی بنیادوں پر سابق صدر آصف علی زرداری کی ضمانت منظور کر لی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللّٰہ کی سربراہی میں آصف زرداری کی درخواستِ ضمانت کی سماعت ہوئی، جسٹس عامر فاروق بھی خصوصی بینچ میں شامل تھے۔

آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب کی جانب سے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل جہانزیب بھروانہ اور ڈپٹی پراسیکیوٹر مظفر عباسی پیش ہوئے۔

درخواست کی سماعت کے دوران سابق صدر آصف زرداری کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، جس پر چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے آصف زرداری کی میڈیکل رپورٹ دیکھ لی ہے؟

چیف جسٹس نے نیب پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ آپ میڈیکل رپورٹ پڑھیں، جس کے بعد نیب پراسیکیوٹر نے سابق صدر آصف زرداری کی میڈیکل رپورٹ پڑھ کر سنائی۔

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق آصف زرداری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں، انہیں دل کا عارضہ بھی لاحق ہے اور وہ اسپتال ہی میں زیرِ علاج ہیں۔

چیف جسٹس نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ میڈیکل رپورٹ کے بعد ملزم کو اسی اسپتال میں رکھا جائے گا، کیا سابق صدر اپنی مرضی کے معالج سے علاج کرا رہے ہیں؟

اس موقع پر عدالت نے سابق صدر کی ایک کروڑ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ضمانتی مچلکے داخل کرانے کی ہدایت کر دی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.