Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس کا پہلا نیب ریفرنس سماعت کےلیےمقرر

اسلام آباد:احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس کا پہلا نیب ریفرنس سماعت کےلیےمقررکرلیاگیا۔احتساب عدالت کےجج محمد بشیر نے تمام ملزمان کی طلبی کےسمن جاری کرتےہوئےسابق ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید سمیت تمام ملزمان کو19 اپریل کو طلب کرلیا۔

عدالت کی جانب سےجن ملزمان کو طلب کیا گیاہےان میں سابق صدرآصف علی زرداری کےقریبی ساتھی یونس کوڈواوی،کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن(کے ایم سی)کے4 سابق اور4موجودہ افسران بھی شامل ہیں۔ ملزمان پر فلاحی مقاصد کےلیےمخصوص پلاٹس غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے کا الزام ہے۔

یاد رہےکہ 2 اپریل کو نیب ایگزیکٹو بورڈ نےجعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی کی جانب سےبھیجےگئےریفرنس کی منظوری دی تھی۔

منی لانڈنگ کیس 2015 میں پہلی دفعہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے اُس وقت اٹھایا گیا، جب مرکزی بینک کی جانب سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو مشکوک ترسیلات کی رپورٹ یعنی ایس ٹی آرز بھیجی گئیں۔

ایف آئی اے نےایک اکاؤنٹ سےمشکوک منتقلی کا مقدمہ درج کیا جسکےبعد کئی جعلی اکاؤنٹس سامنےآئے جن سے مشکوک منتقلیاں کی گئیں۔

معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچا تو اعلیٰ عدالت نے اس کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ( جے آئی ٹی) تشکیل دی جس نے گزشتہ برس 24 دسمبر کو عدالت عظمیٰ میں اپنی رپورٹ جمع کرائی جس میں172 افراد کے نام سامنے آئے۔

جےآئی ٹی نےسابق صدر آصف علی زرداری اوراومنی گروپ کو جعلی اکاؤنٹس کےذریعےفوائد حاصل کرنےکا ذمہ دارقرار دیا اورانکے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی۔

اس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سے بھی تفتیش کی گئی جب کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی تحریری طور پر جے آئی ٹی کو اپنا جواب بھیجا جب کہ اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی ایف آئی اے کی حراست میں ہیں۔

سپریم کورٹ نے7جنوری2019کو اپنےفیصلےمیں نیب کو حکم دیاکہ وہ جعلی اکاؤنٹس کی ازسرنو تفتیش کرےاور2ماہ میں مکمل رپورٹ پیش کرے جبکہ عدالت نےجےآئی ٹی رپورٹ بھی نیب کو بجھجوانے کا حکم دیا۔اعلیٰ عدالت نے حکم دیا کہ تفتیش کے بعد اگر کوئی کیس بنتا ہے تو بنایا جائے۔

نیب نے7جنوری کو ہی جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کےلیےکمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم(سی آئی ٹی)تشکیل دی جسکی سربراہی ڈی جی نیب راولپنڈی کو دی گئی۔آصف علی زرداری اوربلاول بھٹو زرداری نے20مارچ کو نیب کی کمائنڈ انویسٹی گیشن کےسامنےپیش ہوکربیان ریکارڈ کرایا۔

نیب راولپنڈی نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں تین ریفرنسز تیار کر کے نیب ہیڈ کوارٹر بھجوائے اور چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ نے 2 اپریل کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں پہلا ریفرنس اومنی گروپ کے چیف ایگزیکٹو عبدالغنی مجید اور دیگر کے خلاف دائر کرنے کی منظوری دی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.