Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

افغانستان:سیاسی رہنما عبدالعلی مزاری کی برسی کی تقریب میں دھماکے،متعددافراد ہلاک و زخمی

کابل.افغانستان کےدارالحکومت کابل میں منعقدہ برسی کی ایک تقریب میں متعدد دھماکوں کےنتیجےمیں درجن سےزائد افراد ہلاک وزخمی ہوگئے۔

افغان حکام کےحوالےسے بتایاگیا کہ تقریب میں افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سمیت حکومت کی اہم شخصیات موجود تھیں۔

شہرکی ایمبولنس سروس کےعہدیدار محمد عاصم کاکہنا تھاکہ دھماکےکے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوئےجنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ متعدد ایمبولنسز جائے وقوع پر موجود ہیں۔ایک اور افغان عہدیدار، جو مذکورہ تقریب میں موجود تھے، نے نام شائع نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 10 زخمی ہیں۔

خیال رہے کہ کابل میں جس تقریب میں دھماکے ہوئے، یہ 1995 میں ہلاک ہونے والے اور ہزارہ اقلیت سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنما عبدالعلی مزاری کی برسی کی تقریب تھی، جو طالبان حملے میں ہلاک ہوئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق تقریب کی لائیو نشریات کے دوران محمد یونس قانونی نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘پُر سکون رہیں، دھماکے یہاں سے دور فاصلے پر ہوا ہے’۔

اور اس کے کچھ ہی دیر بعد دوسرے دھماکے کی آواز سنی گئی، جس کے بعد تقریب میں افراتفری پھیل گئی اور لوگوں نے جانیں بچانے کے لیے خارجی راستے کی جانب بھاگنا شروع کردیا۔

دوسرے دھماکے کے بعد ایک نامعلوم فرد کی آواز تقریب میں گونجی، جو لوگوں کو پُرسکون رہنے کا کہ رہے تھے کہ ‘مارٹر حملہ یہاں تقریب سے بہت دور ہوا ہے’۔

واقعے کے بعد افغان وزیر خارجہ صلح الدین ربانی، جو اس تقریب میں موجود تھے، نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ دہشت گردوں نے برسی کی تقریب میں راکٹوں سے حملہ کیا۔

وزیر صحت محب اللہ کا کہنا تھا کہ ہسپتال سے ملنے والی ابتدائی معلومات کے مطابق حملے میں 3 افراد ہلاک اور 32 زخمی ہوئے ہیں، لیکن یہ تعداد مصدقہ نہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.