Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

افغانستان: طالبان نے امن تحریک کے 27 کارکنان کو اغوا کرلیا

کابل: افغانستان کے مغربی صوبے فراہ میں طالبان نے امن تحریک کے 27 کارکنان کو ہائی وے سے اغوا کرلیا۔ ’ رائٹرز ‘ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ فراہ کے نائب گورنر مسعود بختاور نے کہا کہ امن تحریک کے کارکنان 6 گاڑیوں میں صوبہ ہیرات سے فراہ جارے تھے کہ منگل (24 دسمبر) کی شام کو طالبان نے ان کے قافلے کو ہائی وے پر روکا اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

پیپلز پیس موومنٹ گروہ کے رکن بسم اللہ وطن دوست نے کہا کہ کارکنان نے صوبہ فراہ کے مختلف علاقوں میں جانے کا ارادہ کیا تھا تاکہ افغانستان میں جنگ کرنے والے فریقین کے درمیان جنگ بندی اور امن کا مطالبہ کیا جاسکے۔

گزشتہ برس افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں کار بم دھماکے کے بعد پرتشدد حملوں کے خلاف احتجاج کے لیے پیپلز پیس موومنٹ نامی گروہ تشکیل دیا گیا تھا، کار بم دھماکے کے نتیجے میں 17 شہری ہلاک اور 50 زخمی ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ مغربی حمایت یافتہ کابل حکومت سے لڑنے والے طالبان اب 2001 میں امریکی فورسز کی جانب سے تختہ الٹے جانے کے بعد اب افغانستان کے زیادہ حصے پر قبضہ رکھتے ہیں۔

گزشتہ برس سے اب تک امن تحریک کے کارکنان افغانستان کے مختلف علاقوں کا سفر کرچکے ہیں کو طالبان کے زیرِ قبضہ علاقوں میں جا کر امن اور طالبان اور افغان حکومت کے درمیان جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ طالبان ماضی میں امن تحریک کے کارکنان پر کابل حکومت کی جانب سے مالی معاونت کا الزام عائد کرچکے ہیں تاہم پیپلز پیس موومنٹ ان الزامات کو مسترد کرتی ہے۔

خیال رہے کہ سال 2001 سے لے کر اب تک لاکھوں افغان شہری اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکار اور 2400 امریکی فوجی جنگ کے نتیجے میں ہلاک ہوچکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.