Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

اپر کوہستان حادثہ: وزیراعلیٰ کا جاں بحق افراد کے ورثاء کےلئے امداد کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اپر کوہستان میں رابطہ پل ٹوٹنے کے باعث پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق افراد کے ورثاء کےلئے 5،5 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کےلئے ایک، ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان انہوں نے اپر کوہستان کا دورہ کرنے کے موقع پر کیا۔ وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے ورثاء سے ملاقات کی اور مرحومین کی مغفرت جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے خصوصی دعا بھی کی۔

وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے ورثاء اور زخمیوں کے رشتہ داروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ‘آج کوئی سیاسی دن نہیں ہے کہ میں سیاسی بات کروں، میں آپ کے غم اور دکھ میں برابر شریک ہوں، امداد کے اعلان سے جاں بحق افراد واپس تو نہیں آسکتے لیکن حکومت کا فرض ہے کہ وہ آپ کے غم کو کم کرنے کی کوشش کرے’۔

انہوں نے کہا کہ کوہستان انتہائی پسماندہ علاقہ ہے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جن کی تعمیر کےلئے فزیبیلیٹی پر کام شروع کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ جمعہ کی شب اپر کوہستان کی تحصیل کندیا کے علاقہ بگڑو میں پل ٹوٹنے سے ڈاٹسن گاڑی نالے میں گر گئی تھی، مسافر وین باڑیگوگاں سے کمیلہ جارہی تھی اور گاڑی میں 31 سے زائد لوگ سوار تھے جو سب نالے میں بہہ گئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.