Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

اگر پاکستان اور بھارت چاہیں تو ثالثی کیلئے تیار ہوں’۔ امریکی صدر

نیویارک: وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر سے درخواست کی کہ وہ بھارتی وزیراعظم مودی سے کشمیر میں کرفیو ختم کرنے کا کہیں جس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ نریندر مودی سے بات کریں گے۔

نیویارک میں وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں امریکی صدر نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی۔ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کیلئے امریکا میں ہیں جہاں وہ 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بہت جارحانہ زبان استعمال کی۔

امریکی صدر نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ تیار ہیں لیکن دوسری طرف بھی ثالثی کی پیشکش قبول کرے تو میں تیار ہوں’۔ امریکی صدر نے کہا کہ ‘پاکستان کے ساتھ امریکا کی تجارت بہت کم ہے، اگر پاکستان اور بھارت چاہیں تو ثالثی کیلئے تیار ہوں’۔ انہوں نے کہا کہ ‘میں نے ہمیشہ کہا کہ پاک بھارت ثالثی کیلئے تیار ہوں لیکن دونوں جینٹلمین کا راضی ہونا ضروری ہے’۔

ٹرمپ نے کشمیر کے حوالے سے کہا کہ ‘یہ بہت پیچیدہ معاملہ ہے جو بہت عرصے سے چلا آرہا ہے، اگر دونوں چاہتے ہیں تو ثالثی کیلئے تیارہوں، اگر دونوں لیڈر کہتے ہیں کہ کچھ نکات پر ہم ایک ہیں تو میں بہت اچھا ثالث ہوں گا، ناکام نہیں ہوں گا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں بہت اچھی مدد کرسکتا ہوں لیکن ضروری ہےکہ دوسرا فریق بھی راضی ہو’۔ ٹرمپ نے کہا کہ عمران خان عظیم لیڈر ہیں، عمران خان انسداد دہشتگردی میں پیشرفت چاہتے ہیں کیونکہ دوسرا راستہ نہیں، دوسرا راستہ موت، افراتفری اور غربت کی طرف جاتاہے، عمران خان یہ بات سمجھتے ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ 3 دن کےمختصر وقت میں بہت سے سربراہان سے ملنا تھا لیکن پاکستان کے وزیراعظم سے ملنا چاہتا تھا، پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے ملنا اعزاز کی بات ہے’۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے سوال پر کہا کہ ‘میں چاہتاہوں کہ ہر ایک سے برابر کا سلوک کیاجائے’۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.