Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

بھارت کی کسی بھی شرانگیزی کا بھرپور جواب دینے کو تیار ہیں، سول وملٹری قیادت

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اعلیٰ سول اور عسکری قیادت نے آزاد جموں اور کشمیر میں کلسٹر بم گرانے پر مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی شرانگیزی کی صورت میں بھرپور جواب دینے کو تیار ہیں۔  وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ، وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی سمیت دیگر اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کے حملوں اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشیدہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں کلسٹر بم حملوں اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال اور جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور کہا گیا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں سیاسی مقاصد کے لیے دہشت گردی کو پروان چڑھا رہا ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی کو بتایا گیا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے عدم استحکام کے اقدامات اٹھا رہا ہے۔

اجلاس میں بھارت کی حکمت علی کی بھرپور مذمت کی گئی کہ ایک ایسے وقت میں جب پاکستان اور عالمی برادری افغان تنازع کے حل پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے لیکن بھارت کے حالیہ اقدامات سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا کہ حالیہ اقدامات سے بھارت اندرونی اور عالمی سطح پر بے نقاب ہوگیا ہے۔

اعلیٰ سول اور عسکری قیادت نے عزم کو دہرایا کہ پاکستان، بھارتی شرانگیزی یا جارحیت کے خلاف دفاع کے لیے بھرپور تیار ہے اور مقبوضہ جموں اور کشمیر کے بہادر عوام کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی روشنی میں حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی تعاون جاری رکھے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.