Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

بھارت ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھے, صدر مملکت عارف علوی

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہےکہ  ہماری امن پسندی کو بھارت کمزوری نہ سمجھے لہٰذا ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو دو ملکوں کی جنگ نہیں رہے گی بلکہ خطہ اور دنیا اس کے اثرات محسوس کرے گی۔

کنونشن سینٹر اسلام آباد میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ آج ان عظیم شخصیات سے یوم تشکر کا دن بھی ہے جن کی بدولت آج ہم آزاد فضاء میں سانس لے رہے ہیں، آج کا یوم آزادی یوم یکجہتی کشمیر بھی ہے، ہم ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ تھے، ساتھ ہیں اور انشاء اللہ ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہم اس وقت تک ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد کریں گے جب تک انہیں حق خودارادیت نہیں ملتا، ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، کشمیری ہمارے اور ہم ان کے ہیں، ان کا دکھ ہمارا دکھ ہے اور ان کی آنکھ سے بہنے والا آنسو ہمارے دل میں گرتا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے حالیہ غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کے سلسلے میں پارلیمان نے مذمتی قرارداد بھی منظور کی ہے، ہم بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت کی تبدیلی کو قبول نہیں کرتے، بھارت غیر قانونی اقدمات سے کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتا، بھارت نے اپنے یکطرفہ اقدام سے نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی بلکہ شملہ معاہدے کو بھی ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نہ بھولے کہ کشمیر کے تین فریق ہیں، پاکستان، بھارت اور کشمیری عوام، ہم کشمیر کا پُرامن حل چاہتے ہیں، پاکستان سفارتی سطح پر اپنی جدو جہد جاری رکھے گا، ان دوست ممالک کےشکرگزار ہیں جو مشکل گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.