Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

تبدیلی کے جھٹکے جاری، پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی، اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

 

وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی سمری منظور کرلی۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارشات پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 روپے 90 پیسے تک کا اضافہ کیا گیا۔ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 15 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 117.83 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت 5 روپے 65 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 132.47 روپے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 5 روپے 38 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 103.84 روپے ہوگئی۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 8 روپے 90 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 97.52 روپے فی لیٹر ہوگئی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔

دوسری جانب یکم اگست کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف درخواست لاہور ہائیکورٹ میں شہری منیر نے دائر کی جس میں وفاقی حکومت ،اوگرا اور وزارت پٹرولیم سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غیر قانونی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف درخواستیں پہلے سے ہی لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں جب تک زیر سماعت درخواستوں کا فیصلہ نہیں ہو جاتا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جاسکتا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے متعلق کابینہ سے منظوری بھی نہیں لی۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا جائے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تحریک انصاف کی نااہل حکومت نے غریب کے منہ سے نوالا چھین لیا ہے،  غریب عوام مشکلات میں ہیں مگر حکمرانوں کے سر پر خبط سوار ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.