Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق فیصلے کیلئے قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب

اسلام آباد: ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق حتمی فیصلے کے لیے قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزارت تعلیم نے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبوں نے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کی سفارش کی ہے اور تجویز دی گئی ہے کہ پہلے مرحلے میں 15 ستمبر سے نویں سے اوپر کلاسز کو کھولا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ صوبوں نے تجویز دی ہے کہ 23 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جماعت کی اجازت دی جائے اور آخری مرحلے میں 30 ستمبر سے پانچویں تک کی کلاسز کو کھولا جائے۔ دوسری جانب بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کے بعد قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس آج شام طلب کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا جس کی سربراہی وزیراعظم عمران خان کریں گے جب کہ وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا، معاونین، سول اور عسکری حکام اجلاس میں شریک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کورونا کی موجودہ صورتحال کا جائزہ اور تعلیمی ادارے کھولنے کے معاملے کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد قومی رابطہ کمیٹی تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق فیصلہ کرے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.