Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

جج ارشد ملک اور ناصربٹ کی ملاقات میں ویڈیو میں نے بنائی, ملزم فیصل

اسلام آباد: جج وڈیو اسکینڈل کیس کے ملزم فیصل شاہین نے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک اور لیگی کارکن ناصربٹ کی ویڈیو بنانے کا اعتراف کرلیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج راجا جواد عباس حسن نے جج وڈیو اسکینڈل کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران  2 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے ملزم حمزہ بٹ کے جسمانی ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع کی جبکہ ملزم فیصل شاہین کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوانے کا حکم دیا۔ ملزم فیصل شاہین کا مجسٹریٹ کے روبرو ریکارڈ کیا گیا بیان انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جس میں انہوں نے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک اور ناصربٹ کی ویڈیو بنانے کا اعتراف کیا۔

مجسٹریٹ کے سامنے بیان میں فیصل شاہین کا کہنا تھا کہ جج ارشد ملک اور ناصربٹ کی ملاقات میں ویڈیو میں نے بنائی، ویڈیو بنانے میں ناصربٹ کے سہولت کار کا کردار ادا کیا۔  یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کے ویڈیو اسکینڈل میں نامزد تین ملزمان کو بری کیا تھا جن میں ناصر جنجوعہ، خرم یوسف اور غلام جیلانی شامل ہیں۔

جج ارشد ملک کے ویڈیو اسکینڈل کا پس منظر

6 جولائی 2019 کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے پریس کانفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ایک ویڈیو جاری کی جس میں مبینہ طور پر یہ بتایا گیا کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو نواز شریف کو سزا سنانے کے لیے بلیک میل کیا گیا۔

اس بنیاد پر مریم نواز نے یہ مطالبہ کیا کہ چونکہ جج نے خود اعتراف کرلیا ہے لہٰذا نواز شریف کو سنائی جانے والی سزا کو کالعدم قرار دے کر انہیں رہا کیا جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.