Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

خیبرپختونخوا میں آندھی اور بارش کے باعث 6 افراد جاں بحق، 48 زخمی

پشاورسیمت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آندھی اور طوفانی بارش کے باعث مکانوں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 6 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کےمطابق پشاور اور صوابی میں دو دو اموات ہوئیں جبکہ جمرود میں ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔ پشاور اور گردو نواح میں منگل کی شام آندھی چلی جس سے بڑے بڑے درخت اکھڑگئے اور سائن بورڈ گرپڑے، اس کے علاوہ فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا۔ آندھی سے یونیورسٹی روڈ پرایک بی آر ٹی سٹیشن بھی بری طرح متاثر ہوا۔

تیز آندھی اور بارش سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور مختلف علاقوں میں رات سے بجلی بھی بند ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ریسکیو کے مطابق فقیر کلے میں دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا، اسی طرح پیر بالا میں درخت گرنے سے تین بچے زخمی ہوگئے جن کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں شہر کے مختلف علاقوں سے 15 زخمی لائے گئے جن میں کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ خیبرٹیچنگ اسپتال میں 17 زخمی لائے گئے جن میں 2 خواتین بھی شامل ہے۔ خیبرٹیچنگ اسپتال میں ایک لاش بھی لائی گئی جسکی شناخت جہانگیر خان ساکن ملازئی کے نام سے ہوئی۔

صوابی کے علاقہ یارحسین میں شدید آندھی کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 2 بہنیں جاں بحق جبکہ ماں اور تین بہنیں زخمی ہوگئی۔ ریسکیو کے مطابق یارحسین محلہ کریمداد خیل میں طوفانی آندھی سے افتخار کی مکان کا چھت گر گیا۔ دو زخمیوں کو مردان منتقل کیاگیا۔

قبائلی ضلع خیبرکی تحصیل جمرود کے علاقے شاہ کس میں بھی دیوار گرنے سے بچہ جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق بچے کی شناخت 9 سالا علی ولد برکت کے نام سے ہوئی ہے۔ مہمند ضلع میں بھی دیوارگرنے سے بچوں کی زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.