Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

راولپنڈی: پاکستان آرمی ایوی ایشن کا طیارہ گر کر تباہ، 17 افراد جاں بحق

راولپنڈی کے نواحی علاقے :موہڑہ کالو کے قریب پاکستان آرمی ایوی ایشن کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ اور عملے کے 3 ارکان سمیت 17 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ خیبرنیوز کے مطابق راولپنڈی کے علاقے موہڑہ کالو کے قریب طیارہ گرنے کا حادثہ رات گئے پیش آیا جس میں 12 افراد زخمی بھی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

طیارہ رہائشی علاقے کے قریب گرا جس سے قریبی گھروں میں آگ لگ گئی، حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور ملبے تلے افراد کو نکالا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر راولپنڈی عبدالرحمٰن نے بتایا کہ ملبے تلے دبے تمام افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ حادثے کے بعد راولپنڈی کے تینوں بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا، حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جارہا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں 12 شہری جاں بحق ہوئے اور 12 افراد زخمی بھی ہوئے، حادثے کے شہداء کو ہولی فیملی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ 4 افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ ثاقب اور لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ وسیم شامل ہیں، ان کے علاوہ نائب صوبیدارافضل، حوالدارامین اور حوالدار رحمت بھی شہداء میں شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.