Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

رحیم یار خان: تیزگام ایکسپریس میں آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 73 ہوگئی

رحیم یار خان: لیاقت پور کے قریب گیس سیلنڈر  پھٹنے سے  تیز  گام ایکسپریس کی بوگیوں میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 73 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جب کہ حادثے میں  متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔

ڈی پی او رحیم یار خان جمیل احمد نے  حادثے میں 46 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے جب کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے 13 مسافروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ڈی پی او نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو ٹی ایچ کیو لیاقت پور اور بہاول پور کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جب کہ آگ پر بھی قابو پالیا گیا ہے۔

ڈی پی او رحیم یار خان امیر تیمور خان اور ریسکیو ہیڈ بہاولپور باقر حسین نے حادثے میں 73 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے سانحے کے مقام پر پہنچ کر سول انتظامیہ کے ساتھ امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں  جب کہ آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر بھی سانحے کی جگہ پہنچ گیا ہے جس  کے ذریعے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

 

سی ای او ریلوے اعجاز احمد کے مطابق مسافر ٹرین میں سلینڈر دھماکے سے تین بوگیوں کو آگ لگی جس میں دو اکنامی اور ایک بزنس کلاس بوگی شامل ہے جب کہ حادثے سے کوئی ٹریک متاثر نہیں ہوا اور ٹرینیں شیڈول کے مطابق چل رہی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.