Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سوات اور کوہستان میں بارشوں نے تباہی مچادی، 14 افراد جاں بحق

سوات اور کوہستان میں بارش اور سیلابی صورتحال نے تباہی مچادی، جس کے باعث اب تک 14 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع سوات اور اپر کوہستان میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال 14 افراد کی جان لے گئی۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارش سے اپر کوہستان میں 8 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ سوات میں 3 مرد، ایک خاتون اور 2 بچوں سمیت 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ اتھارٹی کے مطابق بارش کے دوران مجموعی طور پر 48 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 2 گھر جزوی جبکہ 24 مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

ادھر اپر کوہستان میں پیش آئی صورتحال سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان عارف خان یوسف زئی کا کہنا تھا کہ گزشتہ شب سے دریائے سندھ اور اپر کوہستان کی ندیوں میں سیلابی صورتحال تھی اور اسی دوران ایک خاندان کے 7 افراد ریلے میں بہہ گئے جن میں سے 3 کی لاشوں کو نکال لیا گیا جبکہ باقی کی تلاش جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک یہ تصدیق ہوچکی ہے کہ خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 7 افراد سیلاب میں بہہ گئے جبکہ 19 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ دور دراز علاقے میں پیش آیا تاہم مقامی لوگوں نے بھی ریسکیو کے کاموں میں حصہ لیا اور اب تک 3 افراد کی لاشوں کو نکال لیا گیا۔ادھر پولیس نے شانگلہ میں مٹی کا تودہ گھر پر گرنے سے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔

مقامی پولیس کے مطابق فرقان اور واصف خان کی موت اس وقت ہوئی جب وہ گھر میں موجود تھے کہ تودہ آ گرا۔علاوہ ازیں شانگلہ، بشام- سوات اور لنکس روڈ بھاری پتھر گرنے کے بعد مختلف مقامات پر بند ہوگئے جبکہ ضلع میں مواصلاتی رابطے منقطع ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور پھنسے ہوئے مقامی لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.