Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

شمالی علاقہ جات میں ٹورازم کارپوریشن کے تمام ہوٹلز بند کر دئیے گئے

اسلام آباد: پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے ملک کے شمالی علاقہ جات میں موجود تمام ہوٹلز بند کرتے ہوئے ملازمین کو فارغ کردیا۔اس ضمن میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ کارپوریشن مسلسل نقصانات برداشت کررہی تھی جس کی وجہ سے یہ فیصلہ لینے پر مجبور ہوئی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ ’وسائل نہ ہونے، مسلسل اور ناقابل تلافی مالی نقصانات اور موجودہ کووِڈ 1*9 کی وبا کی وجہ سے وفاقی حکومت اور پی ٹی ڈی سی بورڈ آف ڈائریکٹرز نے متفقہ طور پر کمپنی کے افعال بند کرنے کا فیصلہ کیا‘۔حکام کا کہنا تھا کہ کمپنی کے پاس یہ تکلیف دہ فیصلے کرنے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا۔مذکورہ فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے ٹوور آپریٹر نے اسے سیاحت کی صنعت کے لیے بہت بڑا دھچکا قرار دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس پی ٹی ڈی سی نے پنجاب میں ٹیکسلہ، خیبرپختونخوا میں چھتر، گلگت بلتستان میں استک، بلوچستان میں خضدار، خیبرپختونخوا میں چکدرہ اور اسلام آباد کے دامنِ کوہ ریسٹورنٹ کو بند کردیا تھا۔ اس ضمن میں الپائن کلب پاکستان کا کہنا تھا کہ سیاحوں کے نقطہ نظر سے پی ٹی ڈی سی ہوٹلز قائم کیے گئے اور احتیاط سے ان مقامات کا انتخاب کیا گیا تھا جہاں وہ اپنی منزل پر پہنچنے سے قبل خاصہ فاصلہ طے کرنے کے بعد رک سکیں اور آرام کرسکیں۔

دوسری جانب این ٹی سی بی کے رکن آفتاب رانا کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد ہوٹلز کو بند کردیا گیا تھا جبکہ یہ فیصلہ بھی کیا ہوچکا تھا کہ حکومت کارپوریشن کے کاروباری طریقے سے الگ ہوجائے گی اور اس کی جائیدادوں کی نجکاری کر کے صرف سیاحت کو فروغ دے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.