Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

فرانس کا بی آر ٹی کیلئے صوبائی حکومت کو 19 ارب 50 کروڑ روپے کا قرضہ

فرانس بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے لیے خیبرپختونخوا حکومت کو 19 ارب 50 کروڑ روپے قرض فراہم کرے گا۔ اسلام آباد میں فرانس کے سفارت خانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق حکومت فرانس بی آر ٹی منصوبے کے لیے 130 ملین یورو قرضہ دے گی۔

اس سلسلے میں اسلام آباد میں باقاعدہ ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں فرانس کے سفیر مارک بریٹے اور پاکستان کے سیکرٹری اکنامک افیئرز ڈویژن نور احمد نے قرض کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے منصوبے میں تعاون پر فرانس کا شکریہ ادا کیا جبکہ فرانس کے سفیر نے کہا کہ پائیدار ترقی کے منصوبوں میں پاکستان سے تعاون جاری رکھا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق معاہدے کی رو سے قرض کی یہ رقم فرانس ایجنسی فار ڈویلپمنٹ کے ذریعے ادا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ بی آر ٹی تحریک انصاف کی سابقہ حکومت کا میگا پراجیکٹ ہے جس کا سنگ بنیاد سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی سربراہی میں  20 اکتوبر 2017 کو رکھا گیا اور ساتھ یہ دعویٰ کیا گیا کہ 6 ماہ کے اندر منصوبہ مکمل کیا جائے گا تاہم دوسرا سال شروع ہے اور منصوبہ تاحال زیر تعمیر جبکہ اس کی لاگت 49 ارب سے بڑھ کر 68 ارب تک پہنچ گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.