Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

مانسہرہ کے 13 سالہ طالب علم نے کمپیوٹر گیم بنا کر بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا

خیبرپختونخوا کے کم عمر آئی ٹی ایکسپرٹ نے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر اپنے صوبے اور ملک کا نام روشن کردیا۔

ویت نام کے شہر ہالونگ میں منعقدہ ایشیاء پیسفک آئی سی ٹی الائنس (APICTA) مقابلوں میں مانسہرہ کے گورنمنٹ ہائی سکول لبرکوٹ کے طالب علم تیرہ سالہ عبداللہ سواتی کی بنائی ہوئی کمپیوٹر گیم”ڈک“کو جونیئر سٹوڈنٹ کیٹگری میں فرسٹ میرٹ ایوارڈ دیا گیا ہے۔ 18 سے23 نومبر تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں دنیا بھر سے 16ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا۔

قبل ازیں خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ کی ارلی ایج پروگرامنگ میں تربیت حاصل کرنے والے عبداللہ سواتی نے رواں سال عبداللہ نے پاکستان میں ہونے والے پاشا آئی سی ٹی ایوارڈز میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ارلی ایج پروگرامنگ میں صوبے کے سرکاری سکولوں کے چھٹی سے آٹھویں جماعت کے طالب علموں کو کمپیوٹر گیمز، موبائل ایپ، ویب سائٹس اور مختلف سافٹ وئیرز بنانا سکھایا جاتا ہے۔

خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے منیجنگ ڈاریکٹر ڈاکٹر شہباز نے ایک بیان میں ہونہار طالب علم عبداللہ سواتی، اساتذہ اور ارلی ایج پروگرامنگ کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، ان بچوں کو بہتر رہنمائی اور وسائل کی فراہمی کی ضرورت ہے، ارلی ایج پروگرامنگ کی کامیابی کو مد نظر رکھتے ہوئے جلد ہی اس کو نصاب کا باقاعدہ حصہ بنا لیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرکے ان بچوں نے ثابت کرلیا ہے کہ خیبرپختونخوا کا آئی ٹی کے میدان میں ایک روشن مستقبل ہے۔

دوسری جانب عبداللہ سواتی کی غیر معمولی کارکردگی پر مشیر تعلیم ضیاءاللہ بنگش سمیت دوسرے وزراء اور محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے عبداللہ اور اس کے اساتذہ کو مبارکباد دی اور خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی کاوشوں کی تعریف کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.