Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

مردان: یونین کونسل منگا میں مزید 39 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی

بدھ کو اب تک خیبرپختونخوا میں 39، سندھ میں 3، بلوچستان میں 5، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 1039 ہوگئی۔ ملک میں کورونا وائرس سے اب تک خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، گلگت بلتستان، سندھ اور پنجاب میں ایک ایک ہلاکت ہوگئی۔ مہلک وائرس سے اب تک 20 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 4 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔

ملک میں آج کے کیسز کی صورتحال

ملک میں آج کورونا وائرس کے مزید 49 کیسز سامنے آچکے ہیں جو سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں آج کورونا وائرس کے 39 کیسز سامنے آچکے ہیں جس کی تصدیق صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے ٹوئٹ کےذریعے کی۔

انہوں نے بتایا کہ مردان کی یونین کونسل منگا میں 46 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 39 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ 4 افراد کے ٹیسٹ منفی آئے۔

وزیر صحت نے مزید بتایا کہ  پاکستان میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے پہلے مریض کا تعلق یونین کونسل منگا سے تھا۔

سندھ

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 413 ہوگئی ہے۔

تاہم صوبائی حکومت کے ترجمان کی جانب سے مزید تین کیسز کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔خیال رہے کہ کراچی میں منگل کو مزید 10 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 14 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں آج کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 115 ہوگئی ہے۔صوبائی حکومت کے ترجمان کے مطابق وائرس کی تصدیق تفتان قرنطینہ سینٹر میں مقیم 5 افراد میں ہوئی ہے۔بلوچستان میں منگل کے روز کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا۔

اسلام آباد

سرکاری پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بدھ کے روز ایک کیس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد شہر میں مجموعی کیسز کی تعداد 16 بتائی گئی ہے۔تاہم ڈپٹی کمشنر اسلام آباد یا دیگر حکام کی جانب سے کیس کی تصدیق نہیں کی گئی۔

گلگت بلتستان

سرکاری پورٹل میں گلگت بلتستان میں بدھ کے روز کورونا کا ایک کیس رپورٹ ہوا جس کے بعد علاقے میں مجموعی تعداد 81 ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان کے ترجمان کی جانب سے کورونا کے کیس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق ضلع نگر میں 34، اسکردو میں 16، گلگت اور شِگر میں 13، 13، کھرمنگ میں 3 اور استور میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔فیض اللہ فراق نے مزید بتایا کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 4 مریض صحتیابی کے بعد گھر منتقل ہوگئے ہیں۔

پنجاب

گزشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی جہاں لاہور کے میو اسپتال میں 57 سالہ مریض انتقال کرگیا۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے صوبے میں وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کی۔پنجاب میں منگل کو کورونا وائرس کے مزید 50 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 296 ہوگئی ہے جس کی تصدیق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد میں 176 زائرین شامل ہیں جب کہ لاہور میں 65، گجرات میں 20، جہلم سے 16، گوجرانوالہ 8، ملتان 3، راولپنڈی 2، فیصل آباد 2، سرگودھا، نارووال، منڈی بہاؤ الدین اور رحیم یار خان میں ایک، ایک کیس ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہےجب کہ ریاست میں حکومت نے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.