Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد دورۂ پاکستان مکمل کرکے واپس روانہ ہوگئے

اسلام آباد: ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد اپنا 3 روزہ دورہ پاکستان مکمل کر واپس روانہ ہوگئے۔ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر 21 مارچ کو پاکستان پہنچے تھے جہاں انہوں نے تین روز اسلام آباد میں قیام کیا۔

مہاتیر محمد نے اپنے دورے میں پاکستان کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی جب کہ انہیں صدرِ مملکت عارف علوی نے نشانِ پاکستان سے بھی نوازا۔ ملائیشین وزیراعظم کے دورے میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مختلف شعبوں میں کروڑوں ڈالر کےمعاہدے بھی ہوئے۔ ڈاکٹر مہاتیر محمد نے یومِ پاکستان کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور انہیں مسلح افواج کی جانب سے سلامی دی گئی۔

معزز مہمان جب دورہ مکمل کرکے واپسی کے لیے نور خان ائیربیس پہنچے تو انہیں پاک فضائیہ کی جانب سے جے ایف تھنڈر 17 طیارے پر بریفنگ دی گئی اور مہاتیر محمد نے طیارے کا معائنہ بھی کیا جب کہ پاک فضائیہ کی جانب سے معزز مہمان کو فضائیہ کی جیکٹ تحفے میں دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزراء نے معزز مہمان کو نور خان ائیربیس سے رخصت کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.