Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ملک میں مہنگائی کی شرح 9 سال کی بلند ترین سطح پرجا پہنچی

اسلام آباد: ملک میں مہنگائی نے عوام کو ادھ موا کر کے رکھ دیا ہے جبکہ حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 9 سال کی بلند ترین سطح 12.7 فیصد تک جاپہنچی۔

پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کی بنیاد پر لیے گئے جائزے کے مطابق گزشتہ ماہ مہنگائی میں 1.3 فیصد اضافہ ہوا۔ دوسری جانب وزارت خزانہ سے جاری تفصیلی بیان میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ آئندہ ماہ سے مہنگائی کی شرح میں کمی آنا شروع ہوجائے گی تاہم یہ کس طرح ہوگا اس کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔

اس سلسلے میں جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق مجموعی مہنگائی میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ نومبر میں مہنگائی کا بڑا سبب بنا۔

سالانہ اعتبار سے ماہ نومبر میں شہری علاقوں میں اشیائے خوراک کی قیمتوں میں 16.6 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ماہانہ اعتبار سے یہ اضافہ 2.4 فیصد رہا، اسی طرح دیہی علاقوں میں سالانہ اعتبار سے مہنگائی میں19.3 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ ماہانہ بنیاد پر یہ اضافہ 3.4 فیصد رہا۔ شہری علاقوں میں جن اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں ٹماٹر (149.41 فیصد)، دال ماش (11.72 فیصد)، دال مونگ (7.79 فیصد، گندم (6.86 فیصد)، آلو (6.72 فیصد)، گندم کا آٹا (4.74 فیصد)، پھلیاں (4.53 فیصد)، پیاز (3.82 فیصد)، خشک میوہ جات (3.22 فیصد)، دال مسور (2.66 فیصد)، سرسوں کا تیل (2.49 فیصد)، دال چنا(1.04 فیصد)، گھی (1 فیصد) شامل ہے۔

علاوہ ازیں دیہی علاقوں میں جن اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں ٹماٹر (189.67 فیصد)، پیاز (13.83 فیصد)، گندم (10.85 فیصد)، دال مونگ (8.55 فیصد)، پھلیاں (6.2 فیصد)، آٹا (6.15 فیصد)، تازہ پھل (4.68 فیصد)، آلو (4.43 فیصد)، دال مسور (3.89 فیصد)، خشک میوہ جات (3.25 فیصد)، سوتی کپڑا (2.58 فیصد)، ثابت چنے (1.48 فیصد)، انڈے (1.31 فیصد)، مچھلی (1.3 فیصد)، تیار خوراک (1.19 فیصد)، چاول (1.02فیصد) اور دال چنا (1.01فیصد) شامل ہے۔

اسی طرح شہری علاقوں میں (خوراک کے علاوہ) دیگر اشیائے ضروریات کی قیمتوں میں سالانہ اعتبار سے 9.6 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ دیہی علاقوں میں یہ اضافہ 9 فیصد رہا۔

مزید برآں رہائش، پانی، بجلی، گیس اور دیگر ایندھن کی قیمتوں میں 8.81 فیصد اضافہ ہوا، گھر کی سجاوٹ اور استعمال کی اشیا کی قیمت 10.84 فیصد، صحت کے اخراجات 11.39 فیصد، آمد و رفت 13.95 فیصد جبکہ سیر و تفریح کی لاگت میں 6.8 فیصد اضافہ ہوا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.