Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

مولانا فضل الرحمان مدارس اصلاحات پر پریشان ہیں,وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان مدارس اصلاحات پر پریشان ہیں، اصلاحات ہوگئیں تو مدارس کے طلبہ کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکے گا، مولانا اپنی ڈوبتی ہوئی سیاست بچانے کی کوشش میں ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین، چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں پر پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کی طرف سے آزادی مارچ کے اعلان پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اپنی ڈوبتی سیاست بچا رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان مدارس اصلاحات پر پریشان ہیں، اصلاحات ہو گئیں تو مدارس کے طلباء کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ احتساب کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، حکومت عوام کے جان و مال کی حفاظت کی ذمہ داری پوری کرے گی۔

شرکاء نے رائے دی کہ مولانا فضل الرحمان شوق سے اسلام آباد آئیں، امید ہے مولانا فضل الرحمان 27 اکتوبر کی تاریخ نہیں بدلیں گے۔اجلاس میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پراجلاس کو بریفنگ دی۔

خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ ان کی جماعت 27 اکتوبر سے حکومت کیخلاف اسلام آباد کی جانب مارچ شروع کرے گی۔

پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے اس حوالے سے مشاورت کیلئے وقت مانگا تھا جبکہ آج چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی دھرنے کے علاوہ ہر سطح پر مولانا کے ساتھ ہو گی، مولانا کے مارچ کی حمایت کی نوعیت پر فیصلہ پارٹی کرے گی لیکن اگرشک ہوا کہ مولانا کسی قوت کے اشارے پر ہیں تو اپنی حمایت واپس لے لیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.