Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس:راجا پرویز اشرف اور بابر اعوان سمیت 7ملزمان پر فرد جرم عائد

اسلام آباد:احتساب عدالت نےنندی پورپاورپراجیکٹ ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجا پرویزاشرف اورسابق وزیرقانون بابراعوان سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف سمیت شریک ملزمان میں بابر اعوان، سابق سیکریٹری قانون ریاض کیانی، مسعود چشتی، سابق کنسلٹنٹ شمیلہ محمود، سابق جوائنٹ سیکریٹری ریاض محمود اور سابق سیکریٹری شاہد رفیع شامل ہیں۔

ملزمان پر نندی پورپراجیکٹ میں تاخیرکی وجہ سےقومی خزانہ کو27ارب روپےنقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

احتساب عدالت نے آج ملزمان پر فرد جرم عائد کردی تاہم تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

اس موقع پرنامزد ملزم بابراعوان نےنندی پورپاورپراجیکٹ ریفرنس کی روزانہ سماعت کا مطالبہ کرتےہوئےکہاکہ آئندہ سماعت پر4گواہ طلب کیے جائیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جس گواہ نے دستاویزات دیں اس کو طلب کریں تاہم اس کیس کو کل کے لیے نہیں رکھا جا سکتا، نواز شریف کیس میں بھی گواہوں کو تیاری کا وقت ملتا تھا، اس کیس میں سپریم کورٹ کی ہدایت نہیں ہے۔

بابر اعوان نے کہا کہ 7 سال میڈیا ٹرائل کیا گیا، اب نیب اصل ٹرائل سے بھاگ رہا ہے۔

احتساب عدالت نے19مارچ کو استغاثہ سےشہادتیں طلب کرلیں اوروزارت پانی وبجلی کےمحمد نعیم کوآئندہ سماعت پر بطورگواہ طلب کرلیا۔عدالت کا کہنا تھا ‘کوشش ہوگی اس ریفرنس کو جلد سے جلد نمٹایا جائے گا’۔

واضح رہےکہ نندی پور پاور پراجیکٹ پنجاب میں پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں تعمیر ہونے والا منصوبہ تھا جس کےذریعے525 میگاواٹ بجلی حاصل کرنےکا دعویٰ کیاگیا جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سےمنصوبے میں کرپشن کےالزمات عائد کیے گئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق اس منصوبے کی لاگت 22 ارب روپے سے 58 ارب روپے تک جاپہنچی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.