Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

نوازشریف کو سروسز اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا

لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کو سروسز اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف مسلسل ناساز طبیعت کے باعث 16 روز سے سروسز اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ان کی دیکھ بھال کے لیے حکومت نے ڈاکٹر محمود ایاز کی سربراہی میں خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا۔

چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی رہائی کے بعد نوازشریف کو سروسز اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا جس کے بعد وہ اپنی صاحبزادی کے ہمراہ اسپتال سے روانہ ہوئے۔

اس موقع پر شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹرز اور ان نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سمیت دیگر عملہ بھی سروسز اسپتال میں موجود تھا جہاں میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹرز کے حوالے کیں۔

روانگی کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد سروسز اسپتال کے باہر موجود تھیں جنہوں نے نوازشریف کی اسپتال سے باہر آمد پر نعرے بازی کی اور ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھار کیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو گزشتہ روز ہی سروسز اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا لیکن انہوں نے مریم نواز کی رہائی تک اسپتال سے ڈسچارج ہونے سے انکار کردیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.