Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

نوازشریف کیخلاف نیا کیس تیار

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کیلئے نیاکیس تیار کرلیاگیا اور نیب آج نواز شریف کو جیل سے گرفتار کرےگی جس کیلئے نیب لاہور کو وارنٹ موصول ہوگئے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کو چوہدری شوگرملز کیس میں آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائےگا، عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد عدالت پہنچ رہی ہے۔

نیب لاہور کی طرف سے آج اس کیس میں نوازشریف کی گرفتاری کا بھی امکان ہے، چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی چوہدری شوگرملز میں گرفتاری کی منظوری دی جس کے بعد نیب لاہور کو میاں نوازشریف کے گرفتاری وارنٹ موصول بھی ہوگئے۔ ہیں۔

نیب لاہور کے ذرائع نے بتایا کہ چوہدری شوگر ملز میں نوازشریف مرکزی ملزم ہیں جن سے نیب حکام تفتیش کرنا چاہتے ہیں۔ نیب لاہور کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم سے نوازشریف جیل میں تفتیش کے دوران تعاون نہیں کرتے جس وجہ سے گرفتاری ضروری ہے۔  نوازشریف کیلئے نیب ڈے کیئر سینٹر کو سب جیل کا درجہ دیا جائے گا جب کہ سکیورٹی کیلئے اضافی نفری تعینات رہے گی۔

ذرائع کے مطابق نیب نےسابق وزیراعظم نواز شریف سے جیل میں تفتیش کیلئے درخواست دے رکھی ہے، آج نیب حکام نواز شریف کی گرفتاری ڈالنے کے بعد 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گا، شریف خاندان پر چوہدری شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔

دوسری طرف لاہور کی احتساب عدالت لاہور نے چوہدری شوگر ملز کیس میں نواز شریف سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی۔

نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر حافظ اسد اعوان نے درخواست دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں، نیب کو چوہدری شوگر ملز کیس میں میاں نواز شریف سے تفتیش کرنی ہے، جیل کا قیدی ہونے کی وجہ سے میاں نواز شریف تفتیش کیلئے نیب آفس پیش نہیں ہو سکتے، لہٰذا عدالت جیل میں میاں نواز شریف سے تفتیش کی اجازت دے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.