Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

نواز شریف کو فالج کا شدید خطرہ ہے: حسین نواز

سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے حسین نواز کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ نواز شریف کو فالج ہونے کا شدید خطرہ ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کے مسلسل ٹیسٹ اور طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اور حسین نواز نے لندن میں سابق وزیراعظم کے علاج و معالجے سے متعلق  پریس کانفرنس کی۔ ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی طبیعت کو ٹھیک نہیں کہا جاسکتا کیوں کہ انہیں فالج ہونے کا شدید خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی طبی صورتحال کی بڑی وجہ ان سے جیل میں رکھاگیا سلوک بھی ہے، نواز شریف کو دوسرا ہارٹ اٹیک 24 اکتوبر کو ہوا تھا، نواز شریف کے پلیٹیلیٹس ہفتے میں 2 بار چیک کیے جاتے ہیں، پلیٹیلیٹس کو مستحکم رکھنے کے لیے دوائیں دی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کو کیا مسئلہ تھاکہ جیل میں نواز شریف سے سوالات نہیں کر سکتے تھے؟ نیب تحویل میں ایک دن میں نواز شریف کے پلیٹیلٹس 75 ہزار سے 2 ہزار پر آگئے تھے اور ایک دن میں پلیٹیلیٹس کا اتنا گرجانا بڑا سوالیہ نشان ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیٹے حسین نواز نے میڈیا سے بات چیت میں کہا ہے کہ نواز شریف کو قید تنہائی میں رکھا گیا اور جیل میں اذیت دی جاتی رہی، باپ کے سامنے بیٹی کو گرفتار کیا گیا، والدہ کی وفات کا والد پر گہرا اثر ہے۔

انہوں نے کہا کہ  میاں نواز شریف کو کوٹ لکھپت سے نیب آفس کیوں لایا گیا؟ نیب کی حراست سے قبل پلیٹیلیٹس 75 ہزار تھے لیکن دوسرے روز ان کے پلیٹیلیٹس 16 ہزار رہ گئے تھے، ڈاکٹر ان کو کچھ دیے جانے کی تحقیق کررہے ہیں اور چند دن میں والد کی میڈیکل رپورٹ آجائے گی تو حقیقت سامنے آجائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی پر کوئی الزام نہیں لگا رہا، رپورٹ آنے پر ہر بات واضح ہو جائے گی، اِن رپورٹس کو عدالت میں جمع کرائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.