Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

نیوزی لینڈ: 2 مساجد میں دہشت گرد حملے سے 49 افراد جاں بحق

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد میں فائرنگ سے 49 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے افراد زخمی ہوگئے۔ وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حملے کو دہشت گردی قرار دیا اور بتایا کہ 10 افراد لین ووڈ مسجد جبکہ 30 افراد ہیگلے پارک کے نزدیک ڈینز ایو کی مسجد میں جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے ہلاکتوں اور 4 گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آوروں کی گاڑیوں میں 2 بم بھی منسلک تھے جنہیں ناکارہ بنادیا گیا۔

دوسری جانب آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد میں ایک آسٹریلوی شہری بھی شامل ہے جو انتہا پسند دائیں بازو سے تعلق رکھتا تھا۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس ’اے پی‘ کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دوپہر میں نماز جمعہ کے وقت پیش آیا۔

پولیس حکام کے مطابق 4 افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے جن میں 3 مرد اور ایک خاتون شامل ہے، حملے کے بعد پولیس نے پورے علاقے کا کنٹرول سنبھال کر کرفیو نافذ کردیا۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقہ گھیرے میں لے لیا اور مکینوں کو بھی گھروں سے نہ نکلنے جبکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوراً پولیس کو دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔

وقوعہ کے عینی شاہد نے نیوزی لینڈ ریڈیو کو واقعے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ’انہوں نے فائرنگ کی آوازیں سنیں جس کے نتیجے میں 4 افراد زمین پر گرے ہوئے تھے جبکہ ہر طرف خون پھیلا ہوا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور ایک بج کر 45 منٹ پر مسجد النور میں داخل ہوا جس کے بعد فائرنگ کی آواز سنی گئی، نمازِ جمعہ کے سبب مسجد میں بڑی تعداد میں نمازی موجود تھے۔

حملے کے بعد لوگ خوفزہ ہو کر مسجد سے باہر نکلے، اس کے علاوہ ایک حملہ آور کو بھی ہتھیار پھینک کر فرار ہوتے ہوئے دیکھا گیا، فائرنگ کا دوسرا واقعہ لین ووڈ مسجد میں پیش آیا۔ ایک اور عینی شاہد کا کہنا تھا کہ وہ ڈینز ایو مسجد میں نماز ادا کررہے تھے جب فائرنگ آواز سنی اور جب وہ باہر کی طرف بھاگے تو انہوں نے دیکھا کہ ان کی اہلیہ کی لاش فٹ پاتھ پر پڑی ہوئی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق حملے کے وقت بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم بھی مسجد میں داخل ہونے والی تھی۔

حکام کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد پہنچی تھی تاہم مسجد میں فائرنگ سے محفوظ رہتے ہوئے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔ جس کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بورڈ کی جانب سے ٹوئٹ کر کے بتایا گیا کہ کرائسٹ چرچ میں کل ہونے والا ٹیسٹ میچ منسوخ کردیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.