Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

وزیراعظم کا دورہ میرپور، زلزلہ متاثرین کی عیادت

وزیراعظم عمران خان نے حالیہ زلزلے کے نتیجے سے متاثر افراد سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد جموں و کشمیر کے ضلع میرپور کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کو آزاد کشمیر کے حکام کی جانب سے امدادی، ریلیف اور بحالی کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں منعقد اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر برائے کشمیر اور گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور اور نیشنل ڈزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بھی شریک تھے۔

انہوں نے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور زلزلے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی، دورے کے دوران وزیراعظم نے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔

میر پور کے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’ میں اقوام متحدہ میں تھا جب زلزلے کا علم ہوا اور مجھے بہت افسوس ہوا‘۔ انہوں نے کہا کہ ’میں فوری طور پر یہاں کا دورہ کرنا چاہتا تھا مگر امریکا سے واپسی میں تاخیر ہوئی‘۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’مجھے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر آزاد کشمیر اور میرپور کے لوگوں سے دلی ہمدردی ہے، میں ان کا دکھ محسوس کرسکتا ہوں‘۔

عمران خان نے کہا کہ ’حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے ایک پیکیج تشکیل دے رہی ہے اور زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن اور فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے ‘۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورے سے قبل علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

میرپور کے ڈویژنل کمشنر چوہدری چوہدری محمد طیب کے مطابق ضلع میرپور میں زلزلے کے نتیجے میں اموات کی تعداد سے 40 تک پہنچ گئی، جن میں سے 38 افراد میرپور جبکہ صوبہ پنجاب کے ضلع جہلم میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.