Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

وزیرخارجہ نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر ‘حادثاتی جنگ’ کے خطرے سے خبردار کردیا

جنیوا: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ایک ‘حادثاتی جنگ’ کے خطرے کو بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی سربراہ مشیل بیچلیٹ پر زور دیا ہے کہ وہ اس سورش زدہ علاقے کا دورہ کریں۔  اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل سیشن کی سائڈ لائن پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ‘تنازع کے نتائج کو جانتے ہیں’۔ تاہم نئی دہلی کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق گزشتہ ماہ کے اقدام پر انہوں نے خبردار کیا کہ ‘آپ حادثاتی جنگ کو خارج از امکان نہیں کرسکتے’ کیونکہ ‘اگر یہی صورتحال برقرار رہتی ہے تو کچھ بھی ممکن ہے’۔

خیال رہے کہ بھارت نے 5 اگست کو متنازع علاقے کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کردیا تھا اور وہاں فوجی لاک ڈاؤن سمیت موبائل، انٹرنیٹ سروس کو بھی معطل کردیا تھا جو اب بھی معطل ہے۔

اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے انسانی حقوق کونسل سے اپیل کی تھی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ایک بین الاقوامی تحقیقات کا آغاز کریں۔

صحافیوں سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انہوں نے مشیل بیچلیٹ سے بات کی اور انہیں دعوت دی کہ وہ بھارت اور پاکستان دونوں کے اس علاقے کے حصوں کا دورہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ‘انہیں دونوں جگہوں کا دورہ کرنا چاہیے اور اس طرح رپورٹ کرنا چاہیے جیسے وہ کرسکتی ہے تاکہ دنیا کو معلوم ہو کہ اصل صورتحال کیا ہے’۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.