Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

وزیردفاع پرویزخٹک نے پشتون تحفظ موومنٹ کو بات چیت کی دعوت دے دی

اسلام آباد: وزیر دفاع پرویز خٹک نے ایک مرتبہ پھر پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کو حکومت کے ساتھ تمام اختلافی مسائل پر بات چیت کے لیے مذاکرات کی میز پر آنے کی دعوت دے دی۔ وزیر دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم پختون ایک ہی صوبے سے تعلق رکھتے ہیں اس لیے ہمیں خیبر پختونخوا کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیئے‘۔ پوریز خٹک کا کہنا تھا کہ سابق فاٹا کو صوبے میں اس لیے ضم کیا گیا تا کہ قبائلی افراد کو مرکزی دھارے میں لایا جاسکے۔ان کا کہنا تھا ان (قبائلی) اضلاع کے عوام تعلیم، صحت کی سہولیات بنیادی مواصلات کے ڈھانچے کے اعتبار سے پیچھے ہیں اس لیے یہ وقت محاذ آرائی کے بجائے مل کر کام کرنے کا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پی ٹی ایم قیادت کو مذاکرات کی میز پر آنے کی دعوت دی تا کہ ان کے تحفظات کو حل کرنے کے لیے تبادلہ خیال کیا جاسکے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں قومی اسمبلی کے فلور پر پی ٹی ایم کے حمایت یافتہ آزاد اراکین اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کی وفاقی وزرا کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد حکومت نے کچھ شرائط پر پی ٹی ایم کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔

وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے اس شرط کے ساتھ پی ٹی ایم کو مذاکرات کی دعوت دی تھی کہ وہ صرف ’پاکستان کے ایجنڈے‘ کی پیروی کریں گے اور اپنی تقاریر میں مسلح افواج کو نشانہ نہیں بنائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.