Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پی ٹی آئی حکومت میں ہونے والی رسہ کشی کا پول کھول دیا

پہلے جہانگیر ترین نے اسد عمر کو نکلوایا اور  پھر اسد عمر نے جہانگیر ترین کی چھٹی کرادی

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پی ٹی آئی حکومت میں ہونے والی رسہ کشی کا پول کھول دیا۔ ایک انٹرویو میں فواد چوہدری نے جہانگیر ترین اور اسد عمر کے درمیان رسہ کشی کا انکشاف کیا اور بتایا کہ اسد عمر کی وزارت جانےکے پیچھے کس کا ہاتھ تھا،  پہلے جہانگیر ترین نے اسد عمر کو نکلوایا اور  پھر اسد عمر نے جہانگیر ترین کی چھٹی کرادی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی حکومت بنی تو جہانگیر ترین ،اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کے اختلافات اتنے بڑھ گئے کہ پولیٹیکل کلاس سارے کھیل سے ہی باہر ہوگئی اور بیوروکریٹس نے جگہ لے لی، جن لوگوں نے یہ خلا پر کیا وہ سیاست سے تھے ہی نہیں۔

وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ وزیر اعظم عمران خان وزرا کو خبردار کرچکے ہیں کہ ہمارے پاس ساڑھے پانچ چھ مہینے ہیں جس میں ہمیں خود کو تگڑا کرنا ہوگا ورنہ وقت ہاتھ سے نکل جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئے آنے والے لوگ نہ عمران خان کی سوچ سے ہم آہنگ ہیں اور نہ ان میں صلاحیت ہے تو پھر عمران خان کا وژن کیسے آگے بڑھ سکتا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں  فواد چوہدری کے غیر ملکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو پر وفاقی وزراء اسد عمر اور شاہ محمود نے اعتراض اٹھایا اور احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری نے انتہائی غیر ذمہ داری دکھائی ہے۔

اس پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پہلے پورا انٹرویو سُن لیں، یہ میرا تجزیہ ہے کہ جہانگیر ترین، اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کی لڑائی نے تحریک انصاف میں سیاسی عناصر کو نقصان پہنچایا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے فواد چوہدری کو مزید بات کرنے سے روک دیا اور کہا کابینہ ارکان گفتگو میں احتیاط اور اتحاد قائم رکھیں۔

 دوران اجلاس ایک موقع پر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا بھی اسد عمر اور شاہ محمود قریشی پر برس پڑے۔فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ  آپ دونوں تو وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں، اس میں کیا شک ہے؟ آپ کی لڑائی سے حکومت کا نقصان ہوا ہے۔انہوں نے ساتھی وزراء پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں ‘سب اچھا ‘کی رپورٹ دی جاتی ہے جب کہ کارکردگی کچھ اور ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.