Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

وفاقی کابینہ نے یوٹیلیٹی سٹورز سےاشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی، پرویز خٹک اور دیگر وزرا کی مخالفت

وفاقی کابینہ نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی ہے تاہم وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری، وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان امور علی امین گنڈا پور سمیت کئی وزراء نے یوٹیلٹی اسٹورز پیکج کی مخالفت کی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی صورتحال پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں کابینہ نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دی جس کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا، گھی، دالیں، چینی اور چاول مارکیٹ سے 10 سے 25 فیصد کم ریٹ پر ملیں گے۔

وفاقی کابینہ نے 5 ماہ میں یوٹیلٹی اسٹورز کو 10 ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی، اس کے علاوہ ماہ رمضان میں یوٹیلٹی اسٹورز کو 5 ارب روپے الگ سے ملیں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور وزیر برائے کشمیر، گلگت و بلتستان امور علی امین گنڈا پور سمیت کئی وزراء نے یوٹیلٹی اسٹورز پیکج  کی مخالف کی۔

یوٹیلٹی پیکج کی مخالفت کرنے والے وزراء کا مؤقف تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کو اربوں روپے دینے کے بجائے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کی جائیں۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وزیر اعظم نے یوٹیلیٹی اسٹورز کو 5 ماہ کے لیے 2 ارب روپے ماہانہ سبسڈی کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے نجی شعبے کو چینی درآمد کرنے کی اجازت دے دی  ہے جبکہ دالوں پر امپورٹ ڈیوٹی کم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مستحق افراد کو راشن کارڈز رمضان سے پہلے ملیں گے، حکومت یوٹیلٹی ا سٹورز کے اشتراک سے 200 نوجوان اسٹور کھولیں گے جس سے 4 لاکھ افراد کو بالواسطہ اور 8 لاکھ افراد کو بلاواسطہ روزگار ملےگا۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مرحلہ وار کمی کے لیے رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.