Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر احتجاج کیا جائے گا۔ کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 10 بجے سائرن بجائے جائیں گے جس کے بعد ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔

کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے مرکزی تقریب پاکستان اور کشمیر کو ملانے والے کوہالہ پل پر منعقد ہوگی جہاں ہاتھوں کی زنجیر بنا کر دنیا کو پیغام دیا جائے گا جس میں پاکستان کے وزراء بھی شرکت کریں گے۔ پاکستان میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر عام تعطیل ہے۔

صدر مملکت عارف علوی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سےخطاب کریں گے جب کہ وزیراعظم آزاد کشمیر ارکان اسمبلی کے ہمراہ اقوام متحدہ کے دفتر میں مذمتی قرارداد جمع کرائیں گے۔

مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں، سیمینار اور کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی جس میں مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم، خواتین کی بے حرمتی، نوجوانوں کو لاپتہ کر کے مارے جانے جیسے افسوس ناک واقعات کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستانی 1990ء سے 5 فروری کو اہل کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منارہے ہیں جس کا مقصد بھارتی مظالم کا شکار کشمیری عوام کی حمایت ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.